تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں لانگ مارچ لاہور سے اسلام آباد کے کی جانب رواں دواں ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا لانگ مارچ تمام تر مصالحتی کوششوں کے باوجود لاہور سے ایوان اقتدار اسلام آباد کی جانب رواں ہے۔ پروگرام کے مطابق لانگ مارچ کو صبح نو بجے روانہ ہونا تھا لیکن کئی گھنٹے کی تاخیر سے نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد روانہ ہوا۔ تحریک منہاج القرآن کے لانگ مارچ کے روٹ سے کنٹینرز اور رکاوٹیں ہٹانے کیلئے کرینز بھی ہمراہ ہیں، حکومت پنجاب نے راستے کے تمام سرکاری اسپتالوں کو الرٹ کر دیا ۔ لاہور تا اسلام آباد لانگ مارچ کیلئے منہاج القرآن کے تحت سرد موسم کے پیش نظر خیمے بھی لگا دیئے گئے، کارکنوں کا کہنا ہے کہ وہ لانگ مارچ کیلئے پر عزم ہیں،اسلام آباد پہنچ کر دم لیں گے۔ لانگ مارچ کا قافلہ ماڈل ٹاوٴن سے فیصل ٹاوٴن ، کینال روڈ سے ہوتا ہوا ریلوے اسٹیشن، مینار پاکستان اور پھر شاہدرہ سے جی ٹی روڈ کے راستے اسلام آباد کا رخ کرے گا، ڈاکٹر طاہر القادری کی سیکورٹی کے لیے آپریشنز ،ایلیٹ اور رینجرز کے سو سے زائد اہلکار جبکہ لانگ مارچ کے روٹ پرہزاروں سے زائد اہلکار ڈیوٹی تعینات ہیں، پنجاب حکومت نے لانگ مارچ کے روٹ پر واقع تمام سرکاری اسپتالوں کو الرٹ کرکے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں