شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر ریمورٹ کنٹرول بم حملے میں پندرہ اہلکار شہید جبکہ بائیس زخمی ہوگئے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کےمطابق سکیورٹی فورسز کا قافلہ میران شاہ سے رزمک جا رہا تھا کہ تحصیل دو سلی کے مقام پر ریمورٹ کنٹرول بم حملے کا نشانہ بنایا گیا جس سے پندرہ اہلکار شہید ہوگئے ہیں جبکہ بائیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ جاں بحق اہلکاروں کے جسد خاکی اور زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بنوں سی ایم ایچ ہسپتال اور میران شاہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ادھر سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں اتوار کے روز کرفیو نافذ رہتا ہے۔