مجرمانہ ذہنیت والے میری شہرت کو متاثر کررہے ہیں:شہر یار آفریدی
وزیر مملکت داخلہ شہر یار آفریدی نے کہا ہے کہ منشیات کی روک تھام کے لیے وہ سڑکوں ، بسوں ، مساجد میں جاکر آگاہی مہم چلا رہے ہیں ۔ چند مجرمانہ ذہنیت کے لوگ ان کے ساتھ تصاویر بناکر سوشل میڈیا پر ڈال رہے ہیں ، ان کی شہرت کو نقصان پہنچارہے ہیں ۔وزیر مملکت داخلہ شہریارآفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آبادسمیت ملک بھر میں منشیات کے خلاف مہم میں نے خود لانچ کی، منشیات کے خلاف مہم میں وزیراعظم عمران خان کی پشت پناہی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ عام سیاسی ورکرہوں، کسی کو اپنے ساتھ تصاویر بنانے سے نہیں روک سکتا، منشیات کی روک تھام کے لیے سڑکوں ، بسوں ، مساجد میں جاکر آگاہی مہم چلارہاہوں، اس مہم کے دوران کوئی میرے ساتھ تصویر بناکر استعمال کررہاہے تواس سے میرا تعلق نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کئی اشخاص نے مہم کے دوران میرے ساتھ تصاویر بنائی ہونگی، میں نے ان لوگوں پر ہاتھ ڈالا ہے اس لیے یہ لوگ میری شہرت کو نقصان پہنچارہے ہیں ، میرا اور عمران خان کا وژن ہے کہ ملک کو ڈرگ فری بناناہے۔