وزیرخارجہ کاخطے میں قیام امن کیلئے کردارادا کرنے میں پاکستان کے عزم کا اعادہ

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے اس بات کااعادہ کیاہے کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے لئے فعال اورمثبت کردارادا کرنے میں ہمیشہ پُرعزم رہے گا۔انہوں نے یہ بات تہران میں ایران کے صدرحسن روحانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے ایران کے صدرکوموجودہ صورتحال کے بارے میں پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔وزیرخارجہ نے واضح کیاکہ پاکستان خطے میں کسی بھی جنگ کاحصہ نہیں بنے گا ۔انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لئے سفارتی ذرائع کے ذریعے مسائل حل کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کاہمیشہ سے یہ موقف رہاہے کہ خطہ مزیدکسی کشیدگی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔شاہ محمودقریشی نے ایران کے صدر کوخطے میں امن کے لئے مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ کیساتھ اپنے حالیہ رابطوں کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے کہاکہ ایران کے حالیہ بیانات حوصلہ افزاء ہیں۔ایران کے صدرنے قیام امن کے بارے میں پاکستان کے اقدامات کوسراہتے ہوئے واضح کیاکہ ایران کشیدگی بڑھانانہیں چاہتا۔وزیرخارجہ نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم اوراس حوالے سے پاکستان کے موقف کی حمایت کرنے پر وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ایران کے رہبراعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای اور ایرانی صدرکاشکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اورایران کے درمیان گہرے ،تاریخی ،مذہبی ،ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔شاہ محمودقریشی آج (پیر) ریاض کادورہ بھی کریں گے جہاں وہ سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات میں علاقائی امن واستحکام کے مسائل پرمشاورت کریں گے۔)