خالد مقبول نے ایک خاتون کی وزارت میں مداخلت پر استعفیٰ دیا
: بالآخر ہوا وہ ہی جس کا ڈر تھا وفاقی حکومت کے اتحادیوں نے اختیارات نہ ملنے اور مانگیں پوری نہ ہونے پر تنگ آکر پیچھے ہٹنا شروع کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی جو کہ پہلے ہی اپنی وزارت سے انتہائی ناخوش تھے گوگل چھوڑ کر پاکستان آنے والی اور حکومت کے ساتھ مل کر پاکستان کو ڈیجیٹل دنیا کا ایک بڑا نام بنانے کی کوششیں کرنے والی ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کی سربراہ تانیہ ادرس کی مسلسل مداخلت کے باعث وزارت سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ وزارت کے لیے دوسرا نام امین الحق کا دیا گیا تھا جبکہ فیصل سبزواری کو مشیر بنانے کا بھی وعدہ کیا گیا تھا مگر کسی بھی وعدے پر عمل درآمد نہیں کیا گیا اور کارکن شدید بددل ہوچکے ہیں۔ پی ٹی آئی اور حکومتی ذرائع نے تانیہ ادرس سے متعلق ہر الزام کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ الزامات میں کوئی صداقت نہیں وہ اپنی ذمے داریاں اچھی طرح سرانجام دے رہی ہیں اور انہوں نے کوئی بھی ایسا کام بالا بالا نہیں کیا جو خلاف ضابطہ ہو، وہ اپنی ذمے داریاں انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دے رہی۔ خالد مقبول صدیقی کے پاس وزارت سے استعفی دینے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں رہ گیا کیونکہ ایک طرف تو انھیں ایم کیو ایم کے کارکنوں کی طرف سے شدید دباؤ تھا کہ اُن کی نوکریوں کے لیے کچھ کیا جائے تو دوسری طرف خالد مقبول کا بطور وزیر کوئی اختیار ہی نہیں تھا۔دُوسری جانب خالد مقبول صدیقی کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ وہ اپنی ہی وزارت میں اپنے آپ کو اجنبی محسوس کرنے لگے تھے اور تانیہ ادرس نے وزیر اعظم اور دوسرے اداروں سے براہ راست ملاقاتیں شروع کردی تھیں، اس کے ساتھ ساتھ وہ اُن اداروں کو بھی ہدایات دینے لگی تھیں جن پر وزارت کے معاملات چلانے کی ذمہ داری تھی جس کی شکایت وفاقی سیکریٹری آئی ٹی شعیب صدیقی نے بھی کئی بار کی۔ خالد مقبول اس بات پر بھی دل برداشتہ ہیں کہ وہ رابطہ کمیٹی کے کنوینر ہیں مگر حکومت سندھ میں اہم ذمے داری کسی اور کو دینا چاہتی ہے جس کے فیصلے بالا ہی بالا کیے جارہے ہیں اور اُن سے کوئی رائے نہیں لی گئی۔