پیراگون ہائوسنگ اسکینڈل 'خواجہ محمد سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24جنوری تک توسیع
لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہائوسنگ اسکینڈل میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی خواجہ محمد سعد رفیق اور ان کے بھائی رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24جنوری تک توسیع کر دی۔ جبکہ عدالت نے محکمہ مال کے گواہان کو آئندہ سماعت پر بیان ریکارڈ کروانے کے لئے طلب کر لیا ہے۔جبکہ عدالت نے کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر امین بٹ کے بیان کی نقل خواجہ برادران کے وکلاء کو فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔پیر کو احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ہائوسنگ اسکینڈل کی سماعت کی۔ دوران سماعت خواجہ سلمان رفیق کوجیل حکام کی جانب سے عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لئے اسلام آباد میںموجود ہونے کی وجہ سے خواجہ سعد رفیق کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ سعد رفیق کے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لئے پروڈکشن آرڈرز اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے جاری کئے گئے تھے۔ دوران سماعت احتساب عدالت کے جج نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کے بیان کی نقل خواجہ برادارن کے وکلاء کو دے دیں؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے نا میں جواب دیا۔ اس پر عدالت نے قیصر امین بٹ کے بیان کی نقول خواجہ برادران کے وکلاء کو فراہم کرنے کا حکم دیا ۔ جبکہ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ دیگر گواہوں کو طلب کیا جائے۔ اس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر م حکمہ مال کے گواہوں کو بیان ریکارڈ کرنے کے لئے طلب کر لیا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ قیصر امین بٹ صحتیاب ہوتے ہی عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔ نیب پراسیکیوٹر بے قیصر امین بٹ کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی