پی سی بی چیئرمین اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب سے دبئی میں ملاقات کرینگے

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی رواں ہفتے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن سے دبئی میں ملاقات کریں گے۔ دونوں بورڈز کے سربراہان کے درمیان ملاقات آئی سی سی گورننس رویو کمیٹی کے اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہوگی۔ احسان مانی اور نظم الحسن کی ملاقات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق مزید تفصیلات سے آگاہ کرے گا۔دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہآئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم دو ٹیسٹ کی سیریز پاکستان میں توقع ہے کہ دو مرحلوں میں کھیلے گی۔اطلاعات کے مطابق بنگلہ دیش حکومت نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان کا دورہ مختصر رکھا جائے، جس کے بعد فیصلہ ہوا ہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پہلا ٹیسٹ جو ڈے اینڈ نائٹ ہوگا، کھیل کر وطن روانہ ہو جائے گی۔