پی سی بی میں تبدیلیوں کا سلسلہ جاری، چیف فنانشل آفیسر مستعفی ہو گئے

پاکستان کرکٹ بورڈمیں استعفوں اور نئی تقرریوں کا سلسلہ جاری ہے اور بورڈ کے چیف فنانشل آفیسر بدر محمد خان نے 8سال بعد اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ میں گزشتہ شروع ہونے والی تبدیلیوں کا سلسلہ نئے سال بھی جاری ہے اور 8سال سے بورڈ میں چیف فنانشل آفیسر کی ذمے داریاں انجام دینے والے بدر محمد خان نے بھی بورڈ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔بدر محمد خان نے کہا کہ جولائی 2011سے پانچ پی سی بی چیئرمین کے ماتحت کام کرنے کے بعد اب آگے بڑھنے اور دیگر مواقع تلاش کرنے کا وقت آ گیا ہے۔انہوں نے پی سی بی میں کام کرنے کو اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے صرف کمپنی کی مالی اور کمرشل ترقی میں اپنا کردار ادا نہیں کیا بلکہ اس دوران مجھے بہترین پیشہ ورانہ قابلیت کی حامل شخصیات سے ملنے اور ان کے ساتھ کام کرنے کا بھی موقع ملا۔انہوں نے اپنے تمام موجودہ اور سابق ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پی سی بی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بدر کے جانشین کی تلاش کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔چیئرمین پی سی بی نے بدر ایم خان کی بورڈ کے لیے خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ان تبدیلیوں کے عمل کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے دور کی ڈائریکٹر مارکیٹنگ نائلہ بھٹی نے اکتوبر 2018 میں اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔اس کے بعد رواں سال اپریل میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل سے منسلک دو اہم شخصیات جنرل منیجر مارکیٹنگ اینڈ پروڈکشن کامل خان اور سینئر جنرل منیجر مارکیٹنگ صہیب شیخ مستعفی ہو گئے تھے۔ورلڈ کپ کے بعد چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کام جاری رکھنے سے انکار کردیا تھا جبکہ پاکستان ٹیم مینجمنٹ کے معاہدوں میں بھی توسیع نہیں کی گئی تھی اور مکی آرتھر اور اظہر محمود سمیت پوری ٹیم مینجمنٹ کی چھٹی کردی گئی تھی۔اس کے بعد اعجاز احمد کو انڈر 19 ٹیم کی کوچنگ کی ذمے داریاں سونپ دی ئیں اور پاکستان ویمن ٹیم کے کوچ مارک کولز نے بھی اکتوبر میں اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔