تینوں فارمیٹس میں ملک کی نمائندگی کا خواہاں ہوں۔ حارث رﺅف

بگ بیش لیگ میں دھوم مچانے والے پاکستانی پیسر حارث رﺅفنے کہا ہے کہ تینوں فارمیٹس میں ملک کی نمائندگی کا خواہاں ہوں،قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کے فون نے حوصلہ بڑھا دیا، آسٹریلیا میں2سال کھیلنے سے کنڈیشنز کو سمجھنے اور کارکردگی دکھانے میں مدد ملی،یہ تاثر غلط ہے کہ میری توجہ صرف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر مرکوز ہے، میں نے ون ڈے میچز میں بھی کارکردگی دکھائی، فرسٹ کلاس کرکٹ میں لمبے اسپیل بھی کیے،صرف ٹی ٹوئنٹی بولر ہونے کا ٹائٹل درست نہیں،میں تینوں فارمیٹس میں ملک کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں۔انھوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے مجھے آسٹریلیا بھیجا، وہاں کھیلنے کا تجربہ 2سال بعد بگ بیش میں کام آیا۔کنڈیشنز کا علم ہونے کی وجہ سے میں بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہا، میلبورن میں ہیٹ ٹرک ایک یادگار لمحہ تھا،مجھے ابھی ملک کی نمائندگی کا موقع نہیں ملا،اس کے باوجود بگ بیش کا کنٹریکٹ ملنے کو بڑی کامیابی خیال کرتا ہوں،میں اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاں گا، میلبورن اسٹارز کا ماحول بڑا شاندار اور فیملی جیسا ہے، آئندہ سیزن میں بھی اسی فرنچائز کی جانب سے کھیلوں گا۔