سپریم کورٹ اسلام آباد، کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن کروائے: فواد چودھری

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کروائے۔انہوں نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب اور دیگر کے ہمراہ ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر بدیاتی انتخابات کا انعقاد نہ ہوا تو ملک گیر احتجاج کریں گے۔سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ن لیگ حکومت میں آئی تو ملکی معیشت تباہ ہوئی اور اس کی بنیادی وجہ منی لانڈرنگ اور کرپشن ہے۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر پنجاب کو موصول ہوگئی ہے، گورنر پنجاب کو چاہیے کہ وہ مزید انتظارکیے بغیر سمری پر دستخط کریں، خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری تیار کر لی گئی ہے، نگراں حکومت کے لیے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی سے رابطہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ اسلام آباد، کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن کروائیں، اگر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہ ہوا تو ملک گیراحتجاج کریں گے۔