مقدمہ ایم کیو ایم کا نہیں کراچی ہے، الیکشن سے بھاگ نہیں رہے آپ کو بھگائیں گے: رہنما ایم کیو ایم فروغ نسیم

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور ممتاز قانون دان بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کو بہت جلدی ہے کہ الیکشن ہوجائیں، انہیں ایم کیو ایم کے دوبارہ متحد ہونے سے تکلیف ہے۔انہوں نے یہ بات ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر وسیم اختر، ڈاکٹر فاروق ستار، سینیٹر فیصل سبزواری، سید مصطفیٰ کمال اور جاوید حنیف بھی موجود تھے۔بیرسٹر فروغ نسیم نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جلد بازی سے انہیں بھی کچھ حاصل نہیں ہو گا، یہ چاہتے ہیں کہ کراچی اور حیدر آباد کے شہری مزید پانچ سال انہی مسائل کو جھیلیں۔انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن سے بھاگ نہیں رہے ہیں بلکہ آپ کو بھگائیں گے، یہ ایم کیو ایم کا نہیں کراچی کا مقدمہ ہے، حلقہ بندیوں میں ہمارا ووٹ بینک تین گنا کم کیا گیا۔معروف قانون دان بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ سندھ حکومت نے نئی یوسیز بنائیں مگر ان یوسیز کی آبادی صحیح نہیں ہے، ایم کیو ایم نے حلقہ بندیوں کو چیلنج کیا، سپریم کورٹ سے رجوع کیا جہاں ہماری بات سنی گئی، ایم کیو ایم نے جب قائل کیا تو سندھ حکومت نے 10 دن کا آرڈرپاس کیا۔