آرمی چیف جنرل راحیل نے واضح کردیا کہ عالمی برادری کو کشمیریوں کے جذبات اور آزادی کی جدوجہد کو سمجھنا ہوگا

Jul 13, 2016 | 18:08

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس میں ملک کی اندرونی سکیورٹی صورتحال اور پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے عید کے دنوں میں متعدد خطرات کے باوجود امن اور سکیورٹی کو یقینی بنانے پر انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں افغانستان سمیت بیرونی سکیورٹی صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ کراس بارڈر منیجمنٹ کی جانچ پڑتال اور دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر سخت نظر رکھتے ہوئے کانفرنس کے شرکا نے موثر بارڈر مینجمنٹ کیلئے کیے گئے اقدامات میں پیشرفت کا جائزہ لیا۔ دوران کانفرنس آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھارت کی جانب سےمعصوم کشمیری نوجوانوں کے بہیمانہ قتل پر سخت مذمت کی۔ آرمی چیف نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیری عوام کے جذبات اور ان کی آزادی کیلئے جدوجہد کو سمجھنا ہوگا۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دنیا کو چاہیئے کہ خطے کے دیرپا امن کے لئے مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد کرے۔

مزیدخبریں