شہید ڈاکٹر عبدالقدوس شیخ کے لواحقین کیلئے مالی مراعات کا اعلان
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے شہید ڈپٹی کلکٹر کسٹم اینٹی اسمگلنگ کوئٹہ ڈاکٹر عبدالقدوس شیخ کے لواحقین کیلئے مالی مراعات کا اعلان کردیا ہے۔ شہید ڈپٹی کلکٹر کسٹم اینٹی اسمگلنگ کوئٹہ ڈاکٹر عبدالقدوس شیخ تین جولائی کی شب کولپور بلوچستان میں اسمگلرز کے خلاف کامیاب کارروائی کر کے واپس دفتر جاتے ہوئے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور چھ روز موت و زیست میں مبتلا رہ کر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت نوش کر گئے۔ ان کی بہادری، جواں مردی، لازوال قربانی اور اسمگلنگ کے خلاف خدمات اور حکومتی رٹ قائم کرنے کے اعتراف میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے لواحقین کو ایک کروڑ روپے اور شہید ڈپٹی کلکٹر کی تین سال کی تنخواہ کے مساوی ریوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ کولپور کسٹم چیک پوسٹ کا نام تبدیل کر کے ڈاکٹر عبدالقدوس شیخ چیک پوسٹ رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ جس مقام پر شہید ڈپٹی کلکٹر پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا، اس مقام پر یادگار اور پارک بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے