کرونا وبا کے دوران غذائی قلت کا بحران ابتر ہوگیا، اقوام متحدہ

جنیوا: اقوام متحدہ نے کرونا وبا کے دوران بھوک اور غذائی قلت کے بحران کو ابتر قرار دے دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے کرونا وبا سے متعلق رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کرونا وبا سے دنیا بھر میں بھوک اور غذائی قلت کا بحران ابتر ہوگیا، دنیا بھر میں ہر 9 میں سے ایک شخص غذا سے محروم اور بھوک کا شکار ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ دنیا میں اب تک 6 کروڑ 90 لاکھ کے قریب افراد غذائی قلت کا شکار ہیں، کرونا وبا نے غربت کے شکار ممالک میں زیادہ تباہی مچائی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق کرونا سے رواں سال مزید ایک کروڑ 30 لاکھ افراد کے غذائی قلت کا شکار ہونے کا اندیشہ ہے، 2030 تک دنیا سے بھوک کے خاتمے کا عزم خطرے میں پڑ گیا ہے۔