افغان فورسز نے طالقان پر طالبان کا حملہ پسپا کر دیا
افغانستان کے شمالی صوبہ تخار کے دارالحکومت طالقان شہر پر طالبان عسکریت پسندوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے اور مسلح گروہ جانی نقصان اٹھانے کے بعد پسپا ہو گیا ہے۔افغان فوج کی صف اول کے ایک افسر سید نعیم نے منگل کے روز شِنہوا کو بتایا کہ طالبان باغیوں نے آج دن کے آغاز پر بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے طالقان شہر پر 2 اطراف سے حملہ کیا لیکن سیکورٹی فورسزکی جوابی کارروائی کے نتیجے میں حملہ آور باغی 12 لاشیں پیچھے چھوڑنے کے بعد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے ہیں۔عہدیدار نے یہ تصدیق بھی کی کہ 2 گھنٹے تک جاری رہنے والی اس لڑائی میں پولیس افسر سید امین سمیت 6 سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔عہدیدار نے یہ بھی بتایا کہ لڑائی میں مزید 10 عسکریت پسند اور 7 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔گزشتہ ایک ماہ کے دوران صوبہ تخار کے تمام اضلاع پر قبضہ کرنے کے بعد اب صوبائی دارالحکومت طالقان شہر پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنیوالے طالبان عسکریت پسندوں نے ابھی تک اس خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔