ایف آئی اے کو 2 اگست تک شہباز اور حمزہ کی گرفتاری سے روک دیا گی: فیصلہ
لاہور کی عدالت کے ڈیوٹی جج سید علی عباس نے ایف آئی اے کوپاکستان مسلم لیگ(ن )کے صدر و قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو 2 اگست تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔عدالت نے میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ایف آئی اے کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی گزشتہ سماعت کا فیصلہ جاری کر دیا ۔جاری کئے گئے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی افسر کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے تفتیش جوائن کر لی ہے، تفتیشی افسر کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف تحقیقات ابھی مکمل نہیں ہوئی ہیں۔عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے تحریری جواب ایف آئی اے میں جمع کرا دیا ہے۔فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل نے انصاف کی بنیاد پر مبنی تحقیقات کرنے کی استدعا کی ہے۔لاہور کی عدالت کے فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تفتیشی افسر کو ہدایت کی جاتی ہے کہ آئندہ سماعت تک مقدمے کی تفتیش مکمل کریں۔عدالت نے فریقین کے وکلا کو ضمانت پر دلائل دینے کے لیے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔