ووٹ کو عزت دینے والے ووٹ کو لاہور کے اندر ذلیل کر رہے ہیں۔شیخ رشید احمد
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 20 ضمنی نشستوں پرعمران خان کی واضح اکثریت دیکھتے ہوئے حکومت نے دھونس، دھاندلی، غنڈہ گردی اور ناجائز گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے کل میں نے ٹائون شپ میں جس جگہ جلسہ کیا وہاں کی انتظامیہ کو پکڑ کر لے گئے رات کو لالکڑتی صدر میں جو جلسہ کیا وہاں سے پکڑ کر لے گئے محمد نواز کے حلقے کے لوگوں کو پکڑ کر لے گئے لال حویلی سے جاری ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ میں ایک چیز واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ووٹ کو عزت دینے والے ووٹ کو لاہور کے اندر ذلیل کر رہے ہیں دھاندلی بھٹو نے بھی کی تھی لیکن اس کا جوانجام ہوا تواسکو بھولئے گا مت. اگر کوئی شخص یہ سمجھتا ہے کہ ہارنا سیاست میں نہیں تواس سے زیادہ بری بات دھونس، دھاندلی، غنڈہ گردی اور انارکی پھیلانا ہے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں تمام لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ قوم کے جذبات کی توہین نہ کی جائے پہلے ہی تباہ حال معیشت، کرپشن، منی لانڈرز کی ڈسی ہوئی قوم امپورٹڈ حکومت سےنفرت کی انتہا پر ہے انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان نے اس ضمنی الیکشن کے بعد کوئی کال دے دی تو معیشت سے تباہ حال یہ ملک کسی نئے بحران میں داخل ہو جائے گا میں حکمرانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ جو کھیل کھیل رہے ہیں اس میں خود پھنستے جا رہے ہیں عوام کے فیصلے کو عزت دیں ووٹ کو عزت دیں ورنہ خود بھی ذلیل ہوں گے آپ کی سیاست بھی ختم ہو گی اور آپ کا سیاسی تابوت نکلے گا.