صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا یوم شہدائے کشمیر پر پیغام
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عالمی برادری بالخصوص انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی مشینری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق اور سنگین اِنسانی صورتحال کا نوٹس لینا چاہئے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل کو یقینی بنانا چاہئے۔13 جولائی 2023 کو یوم شہدائے کشمیر پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ 92 ویں یوم شہدائے کشمیر پر اُن 22 کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے 1931 میں ڈوگرہ فورسز کی اندھا دھند فائرنگ کا سامنا کرتے ہوئے عظیم قربانی دی ۔ اس افسوسناک دن پر پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ 1931 کے شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث افسوس ہے کہ کشمیری آج بھی بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ آج بھی 9 لاکھ سے زائد قابض بھارتی افواج جموں و کشمیر پر اپنے ناجائز قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے کشمیری عوام کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کشمیری عوام سے ان کی الگ شناخت چھیننے اور انہیں اپنی ہی سرزمین پر اقلیت میں تبدیل کرنے کی ایک اور کوشش تھی۔ان اقدامات کے بعد کشمیریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہوئے بھارت نے یوم شہدائے کشمیر پر علاقائی عام تعطیل ختم کر دی جو 1948 سے ہر سال منائی جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم 1931 کے ہیروز کے ساتھ ساتھ تمام بے گناہ کشمیریوں کی انمول قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس منصفانہ جدوجہد میں اپنی جانیں نچھاور کیں۔ ہم ایک بار پھر بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں جاری جبر کو فوری طور پر روکے۔