اٹلی میں گرمی کی شدید لہر:ایک شخص ہلاک،ہیٹ ویوالرٹ جاری
اینٹی سائیکلون سسٹم سربیرس کے اثرات سے یورپ میں شدید گرمی کی لہر آ گئی ، اٹلی میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ، اٹلی کے 8 بڑے شہروں میں ہیٹ ویو ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ،جبکہ امریکی ریاستوں نیویارک، نیوجرسی،کنیکٹی کٹ، پنسلوینیا، میسا چوسٹس اور ورمونٹ میں بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا جس کے بعد ورمونٹ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گرمی کی شدید لہر نے سیاحوں کو بے حال کردیا،گرمی سے پریشان سیاحوں نے سوئمنگ پولز اور سایہ دارجگہوں کا رخ کرلیا۔ اٹلی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درجہ حرارت میں کام کرنے والا شخص ہلاک ہوگیا،جبکہ اٹلی کے 8بڑے شہروں میں ہیٹ ویو ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔اٹلی کے دو سب سے بڑے جزیروں سسلی اورسارڈینیا میں پارہ 45 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے ۔اس کے علاوہ قبرص میں 41،کروشیا میں 39 اورفرانس میں 34 ڈگری تک رہنے کاامکان ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بحیرہ روم میں ہیٹ ویو 2 ہفتے تک رہ سکتی ہے۔امریکی ریاستوں نیویارک، نیوجرسی،کنیکٹی کٹ، پنسلوینیا، میسا چوسٹس اور ورمونٹ میں بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا جس کے بعد ورمونٹ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔ماہرین کا کہناہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے سبب گرم موسم شدید بارشوں کا سبب بن رہا ہے۔