گزشتہ 4 سال پی ٹی آئی حکومت نے چور ڈاکو کے نعرے لگا کر برباد کر دیئے. شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو کندھوں پر بٹھا کر اقتدار میں لایا گیا، گزشتہ 4 سال پی ٹی آئی حکومت نے چور ڈاکو کے نعرے لگا کر برباد کر دیئے، پچھلی حکومت نے چور ڈاکو کی گردان کے سوا کوئی کام نہیں کیا ،پی ٹی آئی حکومت انسانیت کی خدمت کی بجائے انتقامی سیاست کرتی رہی،امید ہے آئندہ الیکشن کے نتیجے میں جو بھی حکومت بنے تمام قوتیں مل کر پاکستان کے لئے اپنی صلاحتیں بروئے کارلائے گی۔وزیرِاعظم نے ملتان میں علاج معالجے کی بین الاقوامی سہولیات سے آراستہ زیر تعمیر نشتر 2 ہسپتال کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا، حکام کی جانب سے شہبازشریف کو منصوبے پر بریفنگ بھی دی گئی۔وزیرِاعظم شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا تھا اور تمام لوازمات مکمل کئے تھے۔ جھرلو الیکشن کے بعد جوعمران نیازی کو کندھوں پر بیٹھا کر اقتدارمیں لائے تھے انہیں چاہیے تھا کہ عمران نیازی سے یہ اسپتال بنواتے تاکہ دکھی انسانیت کی خدمت ہوسکتی مگر اس کے بعد جو ہوا وہ تاریخ ہے،پی ٹی آئی حکومت میں انتقامی سیاست کی وجہ سے انسانی خدمت کو روکا گیا ، پی ٹی آئی حکومت نے 4 سال برباد کردیئے اور زیر تعمیر نشتر ٹو اسپتال صرف 3، 4 ملین روپے مختص کئے جو ایک مذاق تھا۔ اس اسپتال کو صرف اس لئے نظر انداز کیاگیا کہ کہیں مسلم لیگ ن اور نواز شریف کو کریڈٹ نہ مل جائے،عوامی مفادات کے منصوبوں پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔وزیراعظم نے نگران وزیراعلی محسن نقوی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو اس منصوبے کی تکمیل کے لئے دن رات کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بتایا گیا ہے کہ مشینری کافی حد تک باہر سے آچکی ہے، اب یہ اسپتال انشااللہ 30 ستمبر کو پایہ تکمیل تک پہنچے گا، لوگ اس ہسپتال سے پوری طرح فیض یاب اور مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے 4 سال اسپتال کو فنڈز جاری نہ کرکے بربادی کی، گزشتہ 4 سال شدید غفلت برتی گئی، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دکھی انسانیت اسپتال کی تکمیل کے انتظار میں تھی لیکن پچھلی حکومت نے اسپتالوں کو بھی فنڈز جاری نہ کیے، پی ٹی آئی حکومت میں انتقامی سیاست کی وجہ سے انسانی خدمت کو روکا گیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لوگ علاج نہ ملنے سے قبر میں جارہے ہوں اور یہاں سیاست ہورہی ہے، اس سے زیادہ قبیح حرکت نہیں ہوسکتی، چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت میں ہوتے ہوئے چور ڈاکو کی گردان ختم نہیں ہوتی تھی، ان کے پاس کھربوں روپے تھے، لیکن ٹانگ پر ٹانگ رکھے بیٹھے رکھے، انہیں اس سے وقت ملتا تو اسپتال بناتے۔شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو حمزہ شہباز کی قیادت میں مختصر مدت کے لئے پنجاب میں خدمت کا موقع ملا لیکن جو کچھ ان کے ساتھ ہوا وہ بھی تاریخ کا حصہ ہے، ماضی میں ہماری حکومتیں ختم نہ کی جاتیں اور چیئرمین پی ٹی آئی کو اقتدار میں نہ لایا جاتا تو پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہوتا۔ وزیر اعظم نے ملتان میں میڈیکل سٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے منصوبے کا وہ تفصیلی جائزہ لیں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہارکیاکہ آئندہ الیکشن کے نتیجے میں جو بھی حکومت بنے تمام قوتیں مل کر پاکستان کے لئے اپنی صلاحتیں بروئے کارلائے گی۔اس موقع پر وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، پنجاب کے گورنر بلیغ الرحمان اور نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی بھی ہمراہ تھے۔