مقبوضہ کشمیر:بھارتی فوجیوں نے مزید 4 کشمیری نوجوان شہید کردیے

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران آج (ہفتہ) کولگام اور اسلام آباد کے اضلاع میںمزید 4 کشمیری نوجوان شہید کردیے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے 2نوجوانوں کو ضلع کولگام کے علاقےNiporaجبکہ دیگر دو کو ضلع اسلام آباد کے علاقے Lallanمیں محاصرے اورتلاشی کی کارروائیوں کے دوران شہید کیا۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے ان علاقوں کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر رکھے ہیں ۔قابض انتظامیہ نے دونوں اضلاع میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے۔آج ہونے والی شہادتوں کے بعد گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 18ہوگئی۔ جموں وکشمیر پیپلز لیگ کا ایک وفد بھارتی فوجیوں کی طرف سے حالیہ دنوں کے دوران شہید کیے جانے والے نوجوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے شوپیاں گیا۔ وفد کے ارکان نے اس موقع پر کہا کہ کشمیری شہداء کا مشن ہرقیمت پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ ادھر جموںوکشمیر ینگ مینز لیگ اور جموں وکشمیر سٹوڈنٹس یوتھ فورم نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ دونوں تنظیموں کے بیسیوں کارکنوں نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کے مسلسل قتل کے خلاف سرینگر اور اسلام آبادکے مختلف علاقوں میں مظاہرے کیے۔