شاہ محمود قریشی اوراسد عمرسمیت 38ملزمان کی ضمانت میں توسیع

سیشن جج اسلام آبادکامران بشارت مفتی نے 25مئی کو ہونے والے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے مقدمہ میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر، پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے صدر عامر محمود کیانی، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سمیت 38دیگر ملزمان کی ضمانت میں 20جون تک توسیع کردی۔ دوران سماعت عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا تفتیش مکمل ہو چکی ہے۔ اس پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ کچھ رہنما ابھی شامل تفتیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے پراسیکیوٹر کو ہدایت کی ہے کہ تمام ملزمان کو شامل تفتیش کیا جائے ۔دوران سماعت ڈاکٹر شیریں مزاری، عمران اسماعیل اور زرتاج گل وزیر کے وکلاء نے عدالت سے استدعا کی ان کے موئکلین کو ایک روزہ عدالتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرنے کی اجازت دی جائے جس پر عدالت نے وکلاء کو استثنیٰ کی درخواستیں دائر کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 20جون تک توسیع کردی۔