سپریم کورٹ نے نواز شریف، شہبازشریف بے نظیر بھٹو سمیت سیاسی رہنماؤں کیخلاف درخواستیں خارج کردیں
سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ عدالت عظمی نے سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف عدلیہ مخالف تقاریر کے معاملے پردائر درخواست مسترد کردی۔ درخواست گزار محمود اختر نقوی نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ درخواست گزار نے جاوید ہاشمی کیخلاف بھی درخواست دائر کر رکھی تھی جسے عدالت عظمی نے خارج کردیا۔ سپریم کورٹ نے سعد رفیق، دانیال عزیز اور نہال ہاشمی کیخلاف توہین عدالت کی درخواستیں بھی مسترد کردیں۔ بے نظیر بھٹو سابق چیئرمین سینٹ نیر حسین بخاری کے خلاف بھی توہین عدالت کی درخواست خارج کردی گئیں۔ عدالت کے مطابق درخواستگزارمولوی اقبال حیدروفات پاچکے ہیں۔ عدالت نے درخواست غیرموثر ہونے کے باعث خارج کی ۔ سپریم کورٹ نے فردوس عاشق اعوان،یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں بھی غیرموثر ہونے کے باعث خارج کردیں۔ چیف جسٹس نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کودوبارہ سماعت کیلئے مقررکرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے رحمان ملک کوتوہین عدالت کی درخواست پرنوٹس جاری کردیا۔