شامی حکومت کو روکا نہ گیا تو امریکا حملے پر مجبور ہوگا۔ نکی ہیلی
شام کے علاقے مشرقی غوطہ میں شامی فورسز کی پیش قدمی کرتے ہوئے 60فی صد علاقے کا کنٹرول حاصل کرلیا، جنگ بندی میں عالمی برادری کی ناکامی پر امریکا نے شام پر حملے کی دھمکی دی ہے۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق شامی فورسز کی مشرقی غوطہ میں کارروائی کے باعث ہلاک افراد کی تعداد گیارہ سو ساٹھ سے تجاوز کرگئی ہے ، باغی تین مختلف علاقوں میں بٹ گئے ہیں۔سلامتی کونسل میں شام میں جنگ بندی کی نئی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اب تک لڑائی بند نہیں ہوئی، اور نہ ہی مشرقی غوطہ سے زخمیوں اور بیماروں کو نکالا جاسکا ہے۔امریکی سفیر نکی ہیلی نے خبردار کیا کہ شامی حکومت کو روکا نہ گیا تو امریکا حملے پر مجبور ہوگا، امریکا نے تیس روزہ جنگ بندی کا نیا مسودہ بھی پیش کیا ہے۔