برطانیہ نے بھی بوئنگ737 طیاروں کی فضائی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کردی
ایتھوپیا میں گذشتہ دنوں ہولناک طیارہ حادثہ پیش آیا تھا، بوئنگ 737 میکس طیارے میں سوار تمام مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اس حادثے کے بعد مختلف ممالک کی جانب سے بوئنگ 737 پر اپنی فضائی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔ برطانوی حکام نے بوئنگ 737 میکس طیاروں کی فضائی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کرتے ہوئے مسافروں کو متبادل فلائٹس سے روانہ کیا، جبکہ کئی پروازیں معطل بھی ہوئیں۔ برطانوی سول ایوی ایشن حکام کے مطابق بوئنگ 737 میکس 8 طیاروں کی کمرشیل مسافر فلائٹ کو برطانوی فضائی حدود استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ علاوہ ازیں کئی یورپی ممالک کی جانب سے بھی پابندیوں کے فیصلے ممکن ہیں، حادثے کے بعد مختلف ممالک اپنے شہری مسافروں کی حفاظت کے لیے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔