گلگت بلتستان میں کرونا کا ایک اور مریض سامنے آگیا، آئسولیشن وارڈ منتقل
ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے شہری میں کرونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ مریض کی عمر 31 سال ہے اور وہ شگر کا رہائشی ہے۔ حالیہ کیس منظر عام پر آنے کے بعد صوبے میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے بتایا کہ شہری کو سکردو ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ شہری چند دن قبل ایران سے واپس آیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ گلگت میں ایک درجن سے زائد مشتبہ مریضوں کے مزید نمونے لیبارٹریز بھیجے گئے ہیں۔ وفاقی حکومت کرونا سے تدارک کے حوالے سے مزید تعاون کرے کیونکہ گلگت بلتستان میں کرونا کے خطرات دیگر صوبوں سے زیادہ بڑھ رہے ہیں۔