خاتون جج کو دھمکی دینے کا کیس؛ عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے، عدالت نے سابق وزیراعظم کو 29 مارچ کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی، عدالت نے عمران خان کو عدالتی وقت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔ دوران سماعت سول جج رانا مجاہد رحیم نے کہا تھا کہ آج اگر عمران خان نہیں آتے تو وارنٹ جاری کر دوں گا، عمران خان عدالتی وقت میں نہ آئے تو ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کروں گا۔ معلوم ہوا ہے کہ عمران خان نے سول جج رانا مجاہد رحیم کی عدالت میں خاتون جج کو دھمکانے کا کیس، انسدادِ دہشتگردی عدالت میں تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں اقدامِ قتل کیس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی تھیں۔