کراچی کےعلاقے بہادر آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے معروف عالم دین مولانا اسلم شیخوپوری سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

مولانا اسلم شیخوپوری ساتھیوں کے ہمراہ درس قرآن کے بعد گلشن معمار جارہے تھے کہ دھورا جی کے علاقے میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ان کی کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مولانا اسلم شیخوپوری اور ان کے ساتھی محمد سیفرین دم توڑ گئے جبکہ ان کے دو محافظ زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔مولانا اسلم شیخوپوری کے قتل کی خبر ملتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ باون سالہ مولانا اسلم شیخوپوری گلشن معمار کی مسجد توابین کے پیش امام تھے۔ قریبی ذرائع کے مطابق انہیں حساس اداروں کی جانب سے آمدورفت محدور رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ مولانا اسلم شیخوپوری کو دینی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا جبکہ وہ آج کل قرآن کریم کی تفسیر لکھنے میں مصروف تھے۔