موجودہ حکمرانوں نے سندھ کو تباہ کردیا، اقتدار میں آکر ڈاکو راج، جاگیردارانہ نظام اور وڈیرہ شاہی کا خاتمہ کریں گے۔ نواز شریف

گوگیلانی گو تحریک کے سلسلے میں ٹھٹھہ میں منعقدہ ریلی سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ جب تک سندھ کے عوام مسلم لیگ نون کے پرچم تلے جمع نہیں ہوجاتے وہ صوبے کےدورے جاری رکھیں گے۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے سندھ کو تباہ کردیا ہے لیکن اب یہاں کے عوام کے ساتھ ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا اور مسلم لیگ نون اقتدار میں آکرڈاکو راج، جاگیردارانہ نظام اور وڈیرہ شاہی کا خاتمہ کرے گی۔ احتجاجی ریلی کی قیادت مسلم لیگ نون سندھ کے صدر غوث علی شاہ نے کی، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف چل رہے ہیں۔ عدالت عظمی سے سزا کے بعد وہ وزارت عظمی چھوڑ دیں ورنہ عوام انہیں کرسی سے اتار دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے،نون لیگ حکمرانوں کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان جلد کرے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ماروی میمن نے کہا کہ ہم نااہل یوسف رضا گیلانی کو وزیراعظم تسلیم نہیں کرتے، ملک میں جلد مسلم لیگ نون کی حکومت قائم ہوگی جو پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل بھی حل کرے گی۔