موجودہ حکومت نے ایک مجرم وزیراعظم کی حمایت کرکے ڈھٹائی کی انتہا کردی، یہ لوگ عدلیہ یا عدم اعتماد سے نہیں بلکہ عوامی طاقت سے گھر جائیں گے۔ شیخ رشید احمد

لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ عوام سیاسی قیادت کو احتجاج کیلئے باہر نکلنے کے واضح اشارے دے رہی ہے مگر ڈری ہوئی قیادت خندقوں میں چھپی بیٹھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو عدلیہ، عوام اور جمہوریت کی کوئی فکر نہیں یہ ڈھٹائی کے ساتھ اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں، یہ لوگ عدلیہ یا عدم اعتماد سے نہیں بلکہ عوامی طاقت سے ہی گھرجائیں گے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت مالی مسائل پرقابو پانے کیلئے نوٹ چھاپ رہی ہے اوراگر یہ نوٹوں سے بھرا ایک ٹرک پاورجنریشن کمپنیوں کے حوالے کردیں تو توانائی کے بحران پرقابوپایا جاسکتا ہے۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت اور عدلیہ کے درمیان تعلقات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ عدلیہ جس افسر کی تعریف کرتی ہے حکومت اسے کھڈے لائین لگا دیتی ہے۔ اس موقع پرشیخ رشید نے لاہورمیں بیس مئی جبکہ اسلام آباد میں تیرہ اگست کو عوامی جلسہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔