پاکستان اپنے قیام سے آج تک بھارت کی جانب سے عدم تحفظ کا شکار ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطے کے ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ بھارت کا غیر منصفانہ اور استحصالی رویہ خِطے میں عدم استحکام نفرت اور دہشت گردی کی بڑی وجہ ہے۔ امریکہ کی ناکام افغان پالیسی نے افغانستان اور پاکستان کو دہشت گردی کی آگ میں جھونک دیا۔ انکا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے پاکستان دولخت کرنے اور اب سی پیک میں رکاوٹیں کھڑی کرنے تک بھارت نے پاکستان کو چین سےجینے نہیں دیا۔ریاست پاکستان اپنے قیام سے آج تک بھارت کی جانب سے عدم تحفظ کا شکار ہے،سعدرفیق کا کہنا تھا کہ خطے میں امن اور استحکام دونوں ملکوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ حجم اور وسائل میں بڑا ہونے کے ناطے بھارت کی ذمہ داری کہیں زیادہ ہے ۔مسئلہ کشمیر آبی وسائل سمیت تمام مسائل کے منصفانہ حل کے بغیر آگے بڑھنا ناممکن ہے۔