سری لنکا کے بعد برکینافاسو میں چرچ پر حملہ، 6 افراد ہلاک
یہ حملہ برکینافاسو کے شہر ڈابلو میں پیش آیا جہاں ایک کیتھولک چرچ پر مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کردی جس کے باعث 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز مسیحی برادری اپنے مذہبی عبادات میں مصروف تھے کہ دہشت گردوں نے اچانک حملہ کردیا، ہلاک ہونے والوں میں ایک پادری بھی شامل ہے۔ پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد تقریباً 20 سے 30 کے درمیان تھی، دہشت گردوں نے چرچ پر اندھا دھن فائرنگ کردی جس کے باعث چھ افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔ برکینافاسو میں 4 مہینوں کے درمیان یہ تیسرا حملہ ہے، زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے البتہ علاقوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کا مکمل کنٹرول ہے۔ دوسری جانب سری لنکا میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے تین ہفتوں بعد آج ملکی دارالحکومت کولمبو کے گرجا گھروں میں اتوار کی دعائیہ عبادت منعقد کی گئی، دریں سیکیوٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ یاد رہے کہ سری لنکا میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد حالات آہستہ آہستہ معمول پر آرہے ہیں، جبکہ ملک بھر میں گرجا گھروں کو بھی کھول دیا گیا ہے، البتہ سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔