مائیک پومپیو اور روسی صدر کے درمیان اہم ملاقات کل ہوگی
امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو روسی شہر سوچی میں ملکی صدر ولادی میرپیوٹن سے اہم ملاقات کریں گے، اس دوران وینزویلا بحران پر خصوصی تبادلہ خیال ہوگا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وینزویلا میں جاری بحران میں روسی مداخلت کی اطلاعت پر پومپیو پہلے ہی روس کو خبردار کرچکے ہیں، جبکہ یہ ملاقات بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ گزشتہ برس جولائی میں ہیلسنکی سمٹ کے بعد یہ امریکا کی روس صدر کے ساتھ یہ پہلی اہم رابطہ کاری ہے، اس دورے کے دوران پومپیو اپنے روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ان دونوں ملکوں کے درمیان وینزویلا کا سیاسی بحران ایک اور کشیدگی کا باعث بنا ہوا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پومپیو اور پیوٹن کی ملاقات کسی بڑے بریک تھرو کا باعث نہیں بنے گی۔ روس وینزویلا کے نومنتخب صدر مادورو کی حمایت کررہا ہے جبکہ کئی یورپی ممالک سمیت امریکا بھی خود ساختہ صدر جون گائیڈو کا ساتھ دینے کا اعلان کرچکا ہے۔ حال ہی میں امریکا نے وینزویلا کے وزیرخارجہ پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’خورگے اریزا‘ سفارت کاری کے ساتھ ساتھ صدر نکولاس مادورو حکومت کی بدعنوانیوں پر پردہ ڈالنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔