سی پیک منصوبے پر وزیر خارجہ کا دوٹوک اعلان

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واضح کیا ہے کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے،سی پیک کا منصوبہ ہر صورت میں مکمل ہوگا،پاکستان کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئےوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایٹمی پروگرام کی طرح سی پیک منصوبے کو بھی مکمل کریں گے، سی پیک منصوبے پر کوئی اعتراض نہیں کرتا، پوری قوم اس منصوبے پر متفق ہے۔ شاہ محمود نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل سے خطے میں تعلقات بڑھیں گے، خطے میں معاشی ترقی ہوگی، اس لیے دشمنوں کو یہ منصوبہ کھٹکتا ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جو قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں، وہ آلہ کاروں سے کام لیتی ہیں، لیکن میں دشمنوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں سی پیک پر پوری قوم اور ایوان متفق ہے، پیغام دیتا ہوں کہ ایٹمی پروگرام پر رکاوٹوں کے باوجود کام مکمل کیا، انشاء اللہ پاکستان کے دشمنوں کو کام یاب نہیں ہونے دیں گے