مشکل فیصلے قوم کے مستقبل کیلئے اچھے ثابت ہونگے، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشکل فیصلے قوم کے مستقبل کے لیے اچھے ثابت ہونگے کوشش ہے کہ غریب عوام پر ٹیکسز کا بوجھ نہ پڑے۔اس امر کا اظہار وزیراعظم پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا ۔بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پیر کووزیر اعظم آفس میں پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز اور اراکین قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا .حکمران اتحاد کے ارکان پارلیمینٹ کو ملکی معاشی صورتحال اور معیشت کے استحکام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ارکان پارلیمنٹ کو حکومتی پالیسیوں پر بھی وزیر اعظم آفس میں بریفنگ دی گئی ۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام اور ٹیکس ایمنسٹی سکیم پر بریفنگ دی جبکہ معاشی ٹیم نے ارکان پارلیمینٹ کے سوالات کے جواب دیے۔پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے بھی سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے ارکان کو مطمئن کرنے کی کوشش کی تاہم بعض ارکان کے تحفظات برقرارہیں ۔ تحریک انصاف کے اراکین پارلیمنٹ نے بجلی اور گیس کے بلوں میں اضافے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے بریفنگ کے دوران کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اثر 75 فیصد عوام پر نہیں پڑے گا۔رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کے شعبے میں 216 ارب روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ جو ادارے کام نہیں کریں گے، انہیں سبسڈی نہ دی جائے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ غریب عوام کا احساس ہے، کوشش ہے کہ غریب عوام پر ٹیکسز کا بوجھ نہ پڑے۔ مشکل فیصلے قوم کے مستقبل کے لیے اچھے ثابت ہونگے۔