شمالی وزیرستان میں دو قبائل میں تصادم،21 افراد زخمی
شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں دو قبائل میں تصادم سے 21 افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق میرانشاہ کے گاوں تپی میں ملک رب نواز اور ملک مشتاق کے قبیلوں کے مابین جائیداد کے تنازع پر جھڑپ ہوئی، دونوں قبائل میں تصادم کے دوران فریقین کی جانب سے ڈنڈے، چاقو اورچھریوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔پولیس کا بتانا ہے کہ قبائلی تصادم کے نتیجے میں ایک قبیلے کے12 اور دوسرے قبیلے کے 9 افراد زخمی ہوئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے،ملک مشتاق کے قبیلے کے 12 زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال میران شاہ جبکہ ملک رب نواز خاندان کے 9 افراد کو ٹی ایچ کیو اسپتال میرعلی منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق 2 شدید زخمیوں کو علاج کے لیے پشاور روانہ کر دیا گیا ہے۔گزشتہ روز بھی شمالی وزیرستان کی تحصیل غلام خان میں 2 قبیلوں کے درمیان جائیداد کے تنازع پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوئے تھے