سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں رواں مالی سال کے دوران 5.5 فیصد اضافہ ہوا۔ سٹیٹ بینک
رواں مالی سال کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں 5.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دس مہینوں میں جولائی تا اپریل 2019-20 کے دوران دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں نی18.782 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 17.801 ارب ڈالر پاکستان بھجوائے تھے۔اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مال سال کے دوران ترسیلات زر میں 5.5 فیصد یعنی0.981 ارب ڈالرکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایس بی پی کے مطابق جاری مالی سال کے دوران سعودی عرب اور امریکا سے ترسیلات زر کی وصولیوں میں بالترتیب 5 فیصد اور 21.27 فیصد اضافہ ہوا اور سعودی عرب سے 4.377 ارب ڈالر موصول ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کی حالیہ وبا سے ترسیلات زر کی وصولیاں زیادہ متاثر نہیں ہوئی ہیں اور ان میں معمولی کمی بیشی کے بعد دوران سال مجموعی بنیاد پر 5.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق مارچ 2020 کے مقابلہ میں اپریل 2020 کے دوران ترسیلات زر میں 104 ملین ڈالر کی کمی سے ترسیلات کی وصولی کا حجم 1.894 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 1.79 ارب ڈالر تک کم ہوا ہے جبکہ اپریل 2019 کے مقابلہ میں اپریل 2020 کے دوران ترسیلات زر میں 19.8 ملین ڈالرکا اضافہ ہوا اور ترسیلات زر کی وصولی 1.79 ارب ڈالر رہی ہے۔