کسی کو ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان ملک میں انارکی پھیلانے کے لیے لوگوں کو اسلام آباد میں جمع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر کسی کو ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔لندن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان کی گرفتاری سے متعلق سوال پر رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ جس جس نے بھی آئین شکنی کی ہے، اس سے متعلق نواز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور اس سلسلے میں عدم برداشت کی پالیسی اپنائی جائے گی اور اگر کسی معاملے میں قانون کے مطابق ان کی گرفتاری بنتی ہو تو انہیں گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ بھی ہم یہ معاملہ رکھیں گے اور اگر کابینہ میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کو اسلام آباد نہیں آنے دیا جانا چاہیے تو پھر 20 لاکھ تو کیا 20 لوگ بھی اسلام آباد نہیں آ سکیں گے۔