رانیل وکرم سنگھے نےسری لنکا کے نئےوزیراعظم کا حلف اٹھا لیا

کولمبو: بدترین معاشی و سیاسی بحرانوں سے دوچار سری لنکا میں وزارت عظمیٰ کی ذمہ داری بزرگ سیاستدان رانیل وکرم سنگھے کو تفویض کردی گئی ہے۔ رانیل وکرم سنگھے کو صدر سری لنکا نے وزیراعظم نامزد کیا ہے۔ بھارت کے مؤقر نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے حوالے سے بتایا ہے کہ 73 سالہ رانیل وکرم سنگھے نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔سری لنکا کے صدر نے گزشتہ روز قوم سے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ وہ اسی ہفتے ملک کے نئے وزیراعظم اور کابینہ کا اعلان کریں گے۔رانیل وکرم سنگھے نے 2019 میں ایسٹر کے موقع پر کیے جانے والے بدترین دہشت گردی کے واقعات پہ بحیثیت وزیراعظم کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر ان دھماکوں کی تحقیقات کے لیے پاکستان سے مدد طلب کریں گے۔ انہوں ںے اعتراف کیا تھا کہ ماضی میں بھی پاکستان نے سری لنکا سے دہشت گردی کے خاتمے میں بھرپور تعاون فراہم کیا تھا۔