پنجاب بھر میں قیامت خیز گرمی کی لہر ، الرٹ جاری

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ ہفتے گرمی کی شدت میں اضافے کا الرٹ جاری کر دیا۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں آئندہ ہفتے ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مراسلے کے مطابق آئندہ ہفتے بالائی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری مزید بڑھ جائے گا۔وسطی اور جنوبی پنجاب میں دن کا درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ گرمی اور خشک موسم کے باعث آبی ذخائر، سبزیوں، پھلوں کے باغات کو پانی کی کمی کا خطرہ ہے۔مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ زیادہ گرمی کے باعث آئندہ ہفتے دریائوں میں پانی کا بہائو بڑھنے کا بھی خطرہ ہے۔ کسان موسمی حالات کے مطابق فصلوں کو پانی دینے کا مناسب اقدام کریں۔