انسداد دہشت گردیعدالت لاہور میں نو مئی سے متعلق مختلف مقدمات میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب،سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری،سابق وفاقی وزیر اسد عمر اور پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی عبوری ضمانتوں میں 16 جون تک توسیع کر دی گئی۔مسلم لیگ نون کا دفتر اور کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے سمیت نومئی کے چھ مقدمات میں پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کے دوران عدالت نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، فواد چوہدری سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں 16 جون تک توسیع کردی۔عدالت میں فواد چو ہدری، علی امتیاز، کرامت کھوکھر سمیت دیگر نے حاضری مکمل کروائی، بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، وکیل نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دی۔پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی، وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمر ایوب ہسپتال داخل ہیں، عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلا کو ضمانتوں پر حتمی دلائل کیلئے طلب کر لیا، دیگر ملزمان عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔جے آئی ٹی کے تفتیشی افسران نے تفتیشی رپورٹ پیش کی جس میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان سمیت تمام ملزمان گناہ گار قرار دیئے گئے ہیں۔جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، حافظ فرحت عباس، بلال اعجاز، رائث حسن نواز، علی امتیاز وڑائچ اور محمد احمد چٹھہ، محمد اشرف سوہنا، سمیت دیگر نے بھی عبوری ضمانت کیلئے درخواست دائر کی ہوئی ہے۔علاوہ ازیں اسی عدالت میں جناح ہائوس، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش مقدمات میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی تین مقدمات میں عبوری ضمانت میں 16 جون تک توسیع کر دی، عدالت نے تینوں مقدمات میں اسد عمر کے پرانے ضمانتی مچلکے بحال رکھے ہیں۔عدالت نے لاہور جناح ہائوس سمیت چار جلا ئوگھیرائو کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی عبوری ضمانت میں بھی 16 جون تک توسیع کر دی ۔
نو مئی مقدمات:عمر ایوب، فواد چوہدری ،اسدعمر ودیگرکی عبوری ضمانتوں میں توسیع
May 13, 2025 | 11:31