سلمان بٹ اور محمد آصف نے باقی سزا پاکستان کی جیلوں میں کاٹنے کے لیے برطانوی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق کرکٹرز ہائی پروفائل ہونے کے باعث کینٹ جیل میں غیر معمولی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں جس کے باعث وہ سیل سے باہر نہیں نکل سکتے۔ اخبار کے مطابق سلمان بٹ اور محمد آصف کے ایک دوست نے جیل میں ان سے ملاقات کی ۔دوست کا کہنا تھا کہ کرکٹرز خودکو جیل میں غیر محفوظ خیال کرتے ہیں اوران کے خیال میں برطانوی جیل میں ان کی جان کو خطرہ ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی باقی سزا پاکستانی جیل میں پوری ہو۔ دونوں کرکٹرز آٹھ ہفتے تک برطانوی ہائی کورٹ میں اپیل دائر کریں گے۔برطانوی اخبار کے مطابق دونوں کرکٹرز کو ایکسرسائز کے دوران بیٹ بھی نہیں دیا جاتا کہ کہیں وہ اسے ہتھیار کے طور پر استعمال نہ کر لیںجبکہ دونوں کھلاڑیوں کو باؤلنگ پریکٹس کے لئےبھی ٹینس بال دی جاتی ہے،اخبار کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑی شدید نروس ہیں اور وہ جیل میں کسی پر بھی بھروسہ نہیں کرسکتے ہیں۔