ملک میں مارشل لاء کی کوئی گنجائش نہیں، بیس نومبر کو فیصل آباد کا جلسہ حکومت کی بیڈ گورننس کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہوگا۔ نوازشریف

ماڈل ٹاؤن لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر مسلم لیگ نون فیصل آباد کے کارکنوں اورممبران اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں وہ تبدیلی کا مطلب بھی سمجھتے ہیں یا نہیں ۔یہ ملک اٹھارہ کروڑ عوام کا ہے اوریہاں حکومت بھی انہی کی ہونی چاہیے۔ ملک میں مارشل لاء کی گنجائش نہیں، اگرایسا ہوا تو کارکنوں کو آگے بڑھ کراسے روکنا ہوگا۔ میاں نوازشریف نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی اختلافات بھلا کر بیس نومبر کو فیصل آباد میں ہونے والے جلسے کو کامیاب بنائیں ۔ یہ جلسہ حکومت کی کرپشن اور بیڈگورننس کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ دنیا میں ممالک نے جمہوریت کے ذریعے ترقی کی ہے، آمریت کے ذریعے نہیں۔ ماضی میں اگر ان کی حکومت کو آمریت کے شب خون سے ختم نہ کیا جاتا تو آج پاکستان ایشئین ٹائیگر ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں تبدیلی کے عمل کو شروع کرنے کا سہرا ان کی پارٹی کے سر ہے۔