بھارتی وزیراعظم نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ دہشتگردوں کیخلاف موثر کارروائی تک پاکستان نہیں آئینگے

بھارتی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ پاک بھارت امن عمل میں کسی ایک شخصیت پرانحصارنہیں کررہے اور امن مذاکرات جلد بحال ہونگے، امن کے عمل میں پاک فوج بھی شریک ہے۔ منموہن سنگھ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تعلقات حادثات کا شکار رہے ہیں ،پاکستان دہشتگردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر نہیں استعمال کر سکتا، دونوں ممالک کے تعلقات کے درمیان ممبئی حملوں جیسی مزید دہشتگردی خطرناک ثابت ہو گی۔انہو ں نے کہا کہ وزیراعظم گیلانی نے دہشتگردی کو پاک بھارت مشترکہ مسئلہ قرار دینے میں کبھی ہچکچاہٹ کا اظہار نہیں کیا۔منموہن سنگھ نے کہا کہ پاکستان کی سول جمہوری حکومت کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان دورے کی دعوت قبول کر لی تاہم انکا کہنا تھا کہ وہ دہشتگردوں کیخلاف موثر کارروائی تک پاکستان کا دورہ نہیں کرینگے۔