پاکستان کے حالات بہت خراب ہیں، ملک جمہوریت کی طرف نہیں بلکہ خانہ جنگی کی طرف جارہا ہے۔ شیخ رشید احمد

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ریلوے کا سٹرکچر تباہ ہوچکا ہے اور اس کے بعد اب پی آئی اے کی باری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بیمار یونٹ بنایا جارہا ہے جبکہ قوم تمام اداروں سے مایوس ہونے کے بعد سپریم کورٹ کی جانب دیکھ رہی ہے۔ سپریم کورٹ کو کرپٹ لوگوں کو نااہل قراردینا چاہئے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں لیکن عوام نہیں ۔ الیکشن کی آمد سے قبل اپوزیشن بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صدرآصف علی زرداری نے اپنے لئے کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہونے دیا بلکہ صرف ملک کے لئےمسائل پیدا کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے حالات اتنے خراب ہوچکے ہیں کہ اب جہلم اور چکوال میں بھی ہمارے فوجیوں کو مارا جارہا ہے۔