پاکستان تحریک انصاف نے مشکل حالات میں حکومت سنبھالی ہے۔ وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے مشکل حالات میں حکومت سنبھالی ہے، آئندہ چند ماہ میں واضح تبدیلی دیکھنے میںآئے گی۔ انہوں نے یہ بات منگل کو کراچی سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے ارکان قومی اسمبلی پر زور دیا کہ وہ عوام کے مسائل اجاگر کرنے اور ان کے حل میں اپنا کردار ادا کریں، لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہوں۔ ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو کراچی کے شہریوں کو پانی، نکاسی آب سمیت درپیش مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم کی طرف سے اعلان کردہ کراچی پیکج پر پیشرفت کے بارے میں بتایا۔ وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے پانی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل اور کراچی کے شہریوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔ بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ دیوالی کا کیک بھی کاٹا۔