رکن اسمبلی کا اسرائیل کی حمایت میں بیان، حکومت وضاحت کرے، سراج الحق
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت اپنی جماعت کی خاتون رکن قومی اسمبلی کی طرف سے اسرائیل کی حمایت میں بیان دئیے جانے کی وضاحت کرے، موجودہ حکمران اقتدار تو رکھتے ہیں لیکن اختیار نہیں ہے۔ لاہور میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ عوام نے حکومت کو بہت اُمیدوں سے منتخب کیا تھا لیکن عوام پر مسلسل کوڑے برسائے جا رہے ہیں، مہنگائی میں اتنا اضافہ گزشتہ دس سالوں کے دوران نہیں ہوا جتنا اِس حکومت کے آنے کے بعد ہوا ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کی ایک خاتون رکن قومی اسمبلی کی طرف سے اسرائیل کی حمایت میں بیان دیا جانا کسی ڈیل کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے جس پر حکومت اپنی پوزیشن واضح کرے، اس بیان سے عالمی سازش کی بو آتی ہے۔