ورلڈاسنوکر چیمپئن محمد آصف کو محنت کا صلہ مل گیا
پاکستان کا سرفخر سے بلند کرنے والے باصلاحیت اسنوکر کھلاڑی کے لیے نیشنل بینک کے صدر کی جانب سے 5 ہزار ڈالر انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔ محمد آصف نے اپنی انتھک محنت اور لگن کے باعث ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ترکی کے شہر انتالیہ میں ہونے والی عالمی اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے نمبر ون محمد آصف نے فلپائن کے جیفری روڈا کو 5-8 سے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کی تھی۔ اس سے قبل پاکستان کے محمد آصف نے 2012ء میں بھی آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جبکہ 2014 میں محمد سجاد نے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا لیکن وہ ٹائٹل نہیں جیت سکے تھے۔ خیال رہے کہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد محمد آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انتہائی خوشی کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ جیت میرے اکیلے کی نہیں پورے ملک کی ہے، اتنی بڑی کامیابی سے ہمکنار کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکرگزار ہوں۔