کرپشن کے پیسے معاف نہیں کر سکتے، یہ پاکستانیوں کا پیسہ ہے: فواد چوہدری
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کابینہ نے نواز شریف کو انسانی بنیادوں پر باہر جانے کی اجازت دی ہے۔ نواز شریف واپس آئیں گے تو سیکیورٹی بانڈ کے پیسے واپس مل جائیں گے، کرپشن کے پیسے معاف نہیں کر سکتے، یہ پاکستانیوں کا پیسہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نواز شریف کی صحت پر سیاست نہ کرے، یہ صرف سیاسی نہیں قانونی مسئلہ بھی ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عدالت ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نکالتی تو مسئلہ نہیں تھا، وہ باہر چلے گئے اور کل عدالت کہے کہ نواز شریف کو پیش کریں تو کیسے کریں گے۔ ن لیگ میں لیڈر شپ کی لڑائی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی فیملی کو گارنٹی دینی ہے، نواز شریف کو جانے دیا تو زرداری و دیگر بھی بغیر شرط جانے کا کہیں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کل کابینہ میں طویل میٹنگ ہوئی، وزیر اعظم کی تمام معاملات پر گہری نظر ہے۔ انسانی بنیاد پر کابینہ نے معاملے کا جائزہ لیا ہے۔ کابینہ نے انسانی بنیادوں پر باہر جانے کی اجازت دی ہے۔ ذیلی کمیٹی کہہ رہی ہے ماضی میں ایسی مثال نہیں ہے۔