قوی خان 88 برس کے ہو گئے
فلم اور ٹیلی ویژن کے سینئر اداکار قوی خان 88 برس کے ہو گئے۔ قوی خان 13 نومبر 1932 کو پشاور میں پیدا ہوئے اور کم عمری میں چائلڈ ایکٹر کے طور پر ریڈیو پاکستان کے ڈراموں سے کام شروع کیا۔ بعد ازاں 1964ءمیں ان کے اہل خانہ لاہور آ گئے۔ پی ٹی وی کے پہلے اداکار کے طور پر انہوں نے 1965ءسے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔قوی خان نے 1984ءمیں ڈرامہ سیریل اندھیرا اجالا سے بطور پولیس آفیسر بے پناہ شہرت حاصل کی اور اپنے ساتھی اداکاروں عرفان کھوسٹ اور مرحوم جمیل فخری اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے۔ قوی خان نے 200 سے زائد فلموں اور لاتعداد ٹی وی ڈراموں میں کام کیا ہے۔ان کی چند شہر آفاق فلموں میں محبت زندگی ہے، سوسائٹی گرل، چن سورج، سرفروش، کالے چور، زمین آسمان، انٹرنیشنل لاٹری، رانگ نمبر، مہر النساءاور پری شامل ہیں۔ان کے مشہور ٹی وی ڈراموں میں اندھیرا اجالا، دو قدم دور تھے، لاہوری گیٹ، مٹھی بھر مٹی، من چلے کا سودا، میرے قاتل، میرے دلدار، پھر چاند پہ دستک، در شاہوار، زندگی دھوپ تم گھنا سایہ، بیٹیاں داستان، ایک نئی سندریلا، صدقے تمہارے، تم کون پیا، سہلیاں، نظر بد اور الف اللہ اور انسان شامل ہیں۔ 1980ءمیں قوی خان کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا اور 1969 اور 1976ءمیں بننے والی بہترین فلموں بہو رانی، آج اور کل اور پرکھ میں معاون اداکار کے طور پر کام کرنے پر 3 نگار ایوارڈوں سے نوازا گیا۔